مسلم نوجوانوں کو استفادہ کرنے امیر حلقہ مولانا حامد محمد خاں کی اپیل
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : ملت اسلامیہ کو معاشی تنگی سے باہر نکالنے ان کی مفلوک الحالی کو دور کرنے نوجوانوں کا صنعت و تجارت میں حصہ لینا اور آگے بڑھنا بے حد ضروری ہے ۔ اسی غرض سے شعبہ ملی امور جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی جانب سے قائم کردہ برائٹ بگن گائیڈنس و اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کی جانب سے 20 مارچ اتوار صبح 10 تا شام 6 بجے خواجہ منشن مانصاحب ٹینک پر پہلا بزنس گائیڈنس ایکسپو رکھا گیا ہے ۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خاں نے اس ایکسپو میں کثیر تعداد میں مسلم نوجوانوں سے شرکت و استفادہ کی اپیل کی ۔ مولانا نے کہا کہ اس ایکسپو کا مقصد ملت کے نوجوانوں کو تجارت ، ہنر مندی ، صنعت و حرفت کی جانب متوجہ کرنا ، نئے آئیڈیاز ، نئے پروجکٹس اور نئی راہوں سے ہم آہنگ کروانا ہے تاکہ وہ کامیاب تاجر ثابت ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکسپو میں انوسٹمنٹ ، خریداری میان پاور کا حصول و دیگر اہم تجارتی امور کی جانب رہنمائی کی جائے گی ۔ مولانا حامد محمد خاں نے ملت کے ان افراد سے بھی اس ایکسپو میں شریک ہونے کی اپیل کی جو پہلے سے کاروبار کا وسیع و کامیاب تجربہ رکھتے ہوں تاکہ ان کے تجربات سے نئے انٹرپرینرس کو تحریک مل سکے ۔ اس موقع پر شہر کے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام و دانشوران کے علاوہ ممتاز تجارت و صنعت کار مخاطب کریں گے ۔ مزید تفصیلات کے لیے ڈاکٹر شیخ عثمان سکریٹری شعبہ ملی امور جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ سے ان کے موبائل 9059749058 پر ربط کریں ۔۔