نوجوانو! آؤ اور دینِ محمدی کو اپنالو

   

قاری محمد عبدالمقتدر رشادی
یہ حقیقت سب پر واضح ہے کہ انسانیت کی فلاح و نجات انسانوں کی سلامتی شریعت محمدیؐ اور سیرت و سنت محمدیؐ کو خوب اچھی طرح اپنانے میں ہی ہے ۔اگر اُمت مسلمہ راہِ امن اور راہِ نجات کی متلاشی اور فلاحِ دارین کی خواہاں ہے تو آج ہی اُمت مسلمہ اُسوۂ نبوی ؐاور سیرتِ محمدیؐ کو اپنائے اور مضبوطی سے تھام لے ، اس کے سوا کوئی اور راہ اور راستہ نہیں ہے۔ یہی طریقہ کلید نجات اور مفتاح فلاح ہے ۔ آج مسلمان اپنے نبی اور آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے راستے اور آپؐ کے اُسوہ حسنہ سے محروم ہوگئے ہیںجس کی وجہ سے وہ قصر مذلت میں گرگئے ، رسوائی اُن کا مقدر بن گئی اور ہر دم ناکامی زندگی کا حصہ بن گئی ۔ آج اُمتِ محمدی کی کہیں شنوائی نہیں ۔ آؤ آؤ اے ایمان والو !ہم سب مل جل کر رسولِ اُمی نبی رحمت کی راہِ نجات اور راہِ فلاح کی طرف چل پڑیں۔ جب تک مسلمانوں نے اُسوۂ رسول اکرم ﷺ اور سیرتِ نبی رحمت ﷺ کو تھام رکھا تھا اُس وقت تک مسلمان شاہانہ زندگی گذار رہے تھے ، قائدانہ صلاحیت کے حامل تھے مگر مسلمانوں نے جب سے اُسوۂ مصطفوی ﷺ کو چھوڑا سیرت نبویﷺ سے منہ موڑا اُس وقت سے مسلمان در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔ آج بھی لوٹ اور پلٹ کر ہم دامنِ مصطفی ﷺ سے چمٹ جائیں، راہِ محمدیؐ سے وابستہ ہوجائیں تو ان شاء اللہ کامیابی پھر قدم چومے گی فلاح و بہبودی پھر سے ہمارا نصیب بن جائے گی ۔ اللہ رب العزت ہم مسلمانوں کو سیرت و سنت کی طرف پھر سے رخ کرنے اور دامنِ مصطفیٰ ﷺ سے رشتہ استوار کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین