دکشانت پریڈ کی تکمیل پر مبارکباد۔ امیت شاہ کا ٹوئیٹ
نئی دہلی ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 2018 بیاچ کے آئی پی ایس عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ خدمات کے تئیں ان کے جذبہ سے دوسرے نوجوانوں کو بھی پولیس خدمات میں شمولیت کا حوصلہ ملے گا ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی میں 2018 بیاچ کے نوجوان آئی پی ایس پروبیشنرس سے خطاب کیا تھا جس کے بعد امیت شاہ کے یہ ریمارکس سامنے آئے ہیں۔ امیت شاہ نے ٹوئیٹ کیا کہ وہ نوجوان آئی پی ایس عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے آج دکشانت پریڈ میں حصہ لیا ہے ۔ ان کی نیک تمنائیں ہیں کہ یہ عہدیدار پورے جذبہ کے ساتھ ملک کی خدمت کریں اور ملک کی سکیوریٹی اور سالمیت کو یقینی بنائیں۔ انہیں یقین ہے کہ ان کا ملک کی خدمت کے تئیں جو جذبہ ہے اس کو دیکھتے ہوئے دوسرے نوجوان بھی پولیس خدمات میں شمولیت کیلئے تیار ہونگے ۔ انہیں امید ہے کہ نئے آئی پی ایس عہدیدار نئے نوجوانوں کی اس سلسلہ میں حوصلہ افزائی کرینگے اور پولیس ۔ عوام تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش بھی کرینگے ۔ واضح رہے کہ نریندر مودی نے آج اپنے خطاب میں پولیس فورس کے انسانی پہلو کو زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خاص طور پر کورونا وائرس کے دور میںایسا کرنا بہت ضروری ہے۔