حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ہفتہ کو بھرت پور کے دو نوجوانوں کے اغوا اور قتل کے سلسلے میں راجستھان حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاستی پولیس نے ان نوجوانوں کی گمشدگی کی اطلاع پر فوری کارروائی نہیں کی۔ اس کے ساتھ انہوں نے الزام لگایا کہ ایسے واقعات صرف اس لیے ہوتے ہیں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ایسی تنظیموں کی مدد اور سرپرستی کرتی ہے۔راجستھان کے دو روزہ دورے پر آئے اویسی نے الور ضلع میں نامہ نگاروں سے کہا، ’’اگر راجستھان حکومت جنید اور ناصر کی گمشدگی کی شکایت پر فوری کارروائی کرتی تو وہ (اغوا کرنے والے) راجستھان کی سرحد عبور کرنے میں کامیاب نہ ہوتے۔ قابل ذکر ہے کہ بھرت پور ضلع کی پہاڑی تحصیل کے گھاٹمیکا گاؤں کے رہنے والے ناصر (25) اور جنید (35) کی جلی ہوئی لاشیں جمعرات کو بھیوانی کے لوہارو میں ایک جلی ہوئی گاڑی سے ملی تھیں۔