نوجوان لیڈر تیجسوی یادو ، وزیراعظم مودی پر بھاری

,

   

تیجسوی یادو آر جے ڈی کے ’’ارجن ‘‘، ووٹ کٹوا پارٹیاں بادشاہ گر: چراغ پاسوان

پٹنہ : بہار اسمبلی انتخابات کے ایگزٹ پولس نے ثابت کردیا کہ آر جے ڈی کے جواں سال لیڈر تیجسوی یادو، کہنہ مشق سیاست داں وزیراعظم نریندر مودی پر بھاری پڑگئے۔ انتخابی جلسوں میں این ڈی اے کے قائدین اکثر تیجسوی یادو کو ’’بچہ یادو‘‘ کہہ کر مخاطب ہوتے تھے جبکہ انہیں ’’جنگل راج کا یوراج‘‘ بھی کہا گیا۔ تیجسوی یادو نے اب آر جے ڈی ۔ کانگریس زیرقیادت مہاگٹھ بندھن کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ منگل 10 نومبر کو قطعی نتائج آنے کے بعد بہار سے این ڈی اے سے صفایا ہوجائے گا۔ تیجسوی یادو نے انتخابی مہم کے دوران آر جے ڈی کے ارجن بن کر زبردست مہم چلائی تھی۔ این ڈی اے کیلئے قومی سطح کے سیاست داں سے لے کر ریاستی سطح کے حکمراں لیڈروں نے مہم چلائی۔ بی جے پی کے وزیراعظم نریندر مودی نے کئی جلسوں سے خطاب کیا ۔ چیف منسٹر نتیش کمار کے ساتھ شہ نشین پر بیٹھ کر آر جے ڈی اور کانگریس کے مہا گٹھ بندھن پر تنقیدیں کیں۔ مہا گٹھ بندھن کے چیف منسٹر امیدوار تیجسوی یادو ان تمام لیڈروں پر بھاری پڑ ے۔ این ڈی اے نے انتخابی مہم کیلئے اپنی پوری طاقت جھونک دی تھی۔ ایل جے پی کے صدر چراغ پاسوان نے الزام عائد کیا کہ اب بہار میں نئی حکومت بنانے میں ووٹ کٹوا پارٹیاں بادشاہ گر کا رول ادا کرسکتی ہیں۔