نوجوان نسل کو معاشی بحران سے بچانے معیاری اعلیٰ تعلیم ضروری

   

حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس اسکالرشپ اہلیت ٹسٹ کا 17نومبر کو انعقاد ،پروفیسر عامراللہ خان کا خطاب

حیدرآباد۔29 اکٹوبر(سیاست نیوز) حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ایکسلنس کی جانب سے 17 نومبر کوحیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ایکسلنس کی جانب سے ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش کے 7مراکز پر HIESET حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ایکسلنس اسکالر شپ ایلیجیبلیٹی ٹسٹ منعقد کیا جائے گا اور اس امتحان میں کامیاب ہونے والے 200 طلبہ کو 5لاکھ روپئے تک کی اسکالر شپ فراہم کی جائے گی ۔ ممتاز ماہر معاشیات پروفیسر عامر اللہ خان نے آج اس پروگرام کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی بحران کی صورتحال میں معیاری اعلی تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے جو معاشی بحران کا شکار ہونے سے نوجوان نسل کو بچا سکتا ہے کیونکہ روایتی تعلیم کے ذریعہ ملازمت کا حصول بھی انتہائی دشوار ہوتا جا رہا ہے اور ان حالات میں اگر روایتی سلسلہ تعلیم کو جاری رکھا جائے تو معاشی بحران سے باہر آنا ممکن نہیں ہوگا ۔پروفیسر عامر اللہ خان نے کہا کہ ذہین طلبہ کو اعلی اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے سلسلہ میں غیاث الدین بابو خان چیارٹیبل ٹرسٹ کے علاوہ حیدرآباد زکواۃ اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے جو خدمات انجام دی جا رہی ہیں وہ لائق ستائش ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ موجودہ معاشی نظام کی بدحالی سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی نسلو ںکو العی تعلیم فراہم کریں۔حیدرآبادانسٹیٹیوٹ آف ایکسلنس کی جانب سے 17نومبر 2019 کو 7مراکز پر یہ اہلیتی امتحان منعقد ہوگا جو کہ آندھرا پردیش کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں منعقد کیاجائے گا۔تفصیلات کے مطابق اس امتحان میں وہ طلبہ حصہ لینے کے اہل ہیں جو دسویں جماعت کا امتحان تحریر کر رہے ہیں۔ HIE میں دو سالہ اعلی معیاری تعلیم کے لئے اس امتحان کے ذریعہ 200انتہائی ذہین طلبہ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا جنہیں انٹرمیڈیٹ کے دوران HIE میں مفت قیام و طعام‘ معیاری اعلی تعلیم وتربیت کے ساتھ رہبری فراہم کی جائے گی ۔گدشتہ 6برسوں کے دوران ادارہ کی جانب سے 600غریب ذہین طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ان کے طرز زندگی میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔100 ایکڑ پر محیط اس ادارہ میں اعلی معیاری تعلیم کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات سے سب ہی واقف ہیں۔آج منعقد ہونے والی تقریب کے دوران بریگیڈیر عادل محمد‘ جناب جاوید ہود‘ جناب خلیل احمد‘ جناب علی الدین حیدر کے علاوہ جناب ضیاء الدین نیر اور دیگر موجود تھے۔جو طلبہ ایس ایس سی امتحانات 2020میں تحریرکرنے جا رہے ہیں وہ اس امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں اور شرکت کیلئے خواہشمند طلبہ مسٹر شہباز سے فون نمبر 9866556891 ایس ایم ایس ‘ واٹس اپ کے علاوہ فون طر تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ ای۔میل freeseat@hie.net پر میل کرتے ہوئے درخواست فارم حاصل کرسکتے ہیں۔ ٹرسٹ کے ذمہ داروں نے بتایا کہ مفت نشست کے حصول کے سلسلہ میں منعقد کئے جانے والے اس انتہائی اہم اہلیتی امتحان میں حصہ لیتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے والے 200 طلبہ کا مکمل میرٹ کے اساس پر انتخاب کیا جائے گا ۔۰