نوجوان کی پٹائی کرنے والے تین سپاہی معطل

   

دیوریا:9 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع دیوریا کے مدن پور تھانے میں چوری کے الزام میں ایک شخص کی بے رحمی سے پٹائی کرنے والے تین پولیس اہلکار کو معطل کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔سرکل آفیسر رودر دنیش سنگھ یادو نے جمعرات کو یواین آئی کو بتایا کہ مہین گاؤں باشندہ سمت گوسوامی کو پولیس نے چوری کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پوچھ گچھکے لئے اسے تھانے لے جایا گیا جہاں تینوں سپاہیوں نے اس کی بے رحمی سے پٹائی کی۔ اس واقعے کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہوا جس میں سپاہی پٹائی کے دوران اس کے گلے پر جوتا پہنے پیر رکھے ہوئے ہیں۔مسٹر سنگھ نے بتایا کہ وائرل ویڈیو کی سچائی کا پتہ لگانے کے بعد ہیڈکانسٹیبل لال بہاری،کانسٹیبل چندکولیشور سنگھ اور ڈائل 112 میں تعینات سپاہی جتیندر یادو کو پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شری پاتی مشر نے بدھ کی دیر رات معطل کردیا ہے ۔ متأثرہ شخص کی تحریر پر تینوں سپاہیوں کے خلاف مار پیٹ کا مقدمہ تھانے میں درج کرلیا گیا ہے ۔