چندی گڑھ 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے آج کہا کہ کانگریس صدر راہول گاندھی نے انہیں لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کے حق میں شدت سے مہم چلانے کی ہدایت دی ہے ۔ سدھو امکان ہے کہ 10 اپریل سے 40 دن تک پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ کرکٹر سے سیاستدان بننے والے نوجوت سنگھ سدھو نے راہول گاندھی سے ہفتے کو دہلی میں ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی سے ملاقات کی ہے اور راہول نے انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ پارٹی امیدواروں کی مہم میں شدت سے حصہ لیں ۔ تفصیلی شیڈول کی تیاری کیلئے احمد پٹیل سے مشاورت کرنے کو کہا گیا ہے ۔ سدھو پنجاب کے وزیر سیاحت بھی ہیں۔