نور اور عقیل کی جوڑی رنگ لانے لگی؛ کوچ نے تعریف کی

   

چیپاک، 15اپریل (یو این آئی): چنئی سوپرکنگز (سی ایس کے ) کے اسسٹنٹ بولنگ کوچ سری دھرن سری رام نے افغان بولر نور احمدکی کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد ان کی حکمتِ عملی کو سراہا ہے ۔ نور احمد نے گزشتہ رات چیپاک میں 21 رنزکے عوض3 وکٹیں حاصل کر کے سی ایس کے کی لگاتار دوسری جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ نور احمد کے لیے آئی پی ایل2025 کا سیزن بہترین رہا تھا جہاں وہ24 وکٹوں کے ساتھ پرپل کیپ کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر رہے تھے ، لیکن 2026 کے سیزن کا آغاز ان کے لیے اچھا نہیں رہا۔ پہلے تین میچوں میں وکٹ حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد، کے کے آرکے خلاف انہوں نے عقیل حسین کے ساتھ مل کر ایسی شراکت داری قائم کی جس کی سی ایس کے کو تلاش تھی۔کوچ سری دھرن سری رام نے میچ کے بعد بتایا کہ نور احمد اپنی بولنگ میں تنوع لانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایم ایس دھونی نے بھی پریکٹس سیشن کے دوران نور احمد کے ساتھ طویل گفتگو کی تھی اور انہیں لیگ بریک گیندوں کو بہتر بنانے کے مشورے دیے تھے ۔ کوچ کے مطابق، چیپاک کی پچ نے بھی نورکو مدد فراہم کی جہاں انہوں نے گیند کی رفتار کم رکھی اور زیادہ اسپن حاصل کی۔ سی ایس کے کی اسپن جوڑی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سری رام نے کہا کہ عقیل حسین اور نور احمد ایک دوسرے کی کارکردگی کو مکمل کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا عقیل نے ہی نورکو اس مخصوص لینتھ کے بارے میں بتایا جس پر بولنگ کی ضرورت تھی۔ اپنے پہلے اوور میں نور تھوڑا شارٹ یا زیادہ فل گیندیں کر رہے تھے ، لیکن جیسے ہی انہیں صحیح لینتھ کا اندازہ ہوا، وہ ناقابلِ شکست ثابت ہوئے ۔سابق کرکٹر صبا کریم نے بھی اس جوڑی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سی ایس کے نور احمد کو ایک جارحانہ متبادل کے طور پر دیکھ رہی تھی اور انہوں نے بالکل وہی کرکے دکھایا۔ عقیل حسین جو پاور پلے کے ماہر بولر مانے جاتے ہیں، نے بھی کفایتی بولنگ سے نور احمد کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔صبا کریم نے ای ایس پی این کرک انفو کے شو ٹائم آؤٹ پرگفتگو کرتے ہوئے عقیل حسین اور نور احمد کی شراکت داری پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا اس جوڑی کا جلد ہی ایسا مظاہرہ کرنا سی ایس کے کے لئے کافی خوش آئندہے ۔E