نوٹری جائیدادوں کو باقاعدہ بنانے کے احکامات

   

Ferty9 Clinic

125 گز اراضی کا مفت ریگولرائزیشن ، اضافی اراضی پر مارکٹ قدر کے لحاظ سے اسٹامپ ڈیوٹی
حیدرآباد /3 اگست ( سیاست نیوز ) حکومت نے ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے شہری علاقوں میں نوٹری پر خریدے گئے مکانات غیر زرعی اراضیات اور دوسری جائیدادوں کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے احکامات جاری کردئے ہیں اور ساتھ ہی حکومت نے اس کیلئے رہنمایانہ خطوط بھی جاری کردئے ہیں ۔ محکمہ مال کے پرنسپل سکریٹرنوین متل نے احکامات جاری کرتے ہوئے نوٹری جائیدادوں کو ریگولرائز ( باقاعدہ ) بنانے کیلئے عوام کو می سیوا مراکز میں درخواستیں داخل کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ جاری کردہ احکامات میں بتایا گیا ہے کہ نوٹری دستاویزات کے ساتھ لنک دستاویزات ، پراپرٹی ٹیکس رسید ،برقی بلز ، پانی کا بل یا جائیداد کی ملکیت کے دیگر ثبوت جمع کرائے ۔ داخل کردہ درخواستوں کا ضلع کلکٹر جانچ کرتے ہوئے قطعی فیصلہ کرے گا ۔ ان درخواستوں میں اگر سرکاری اراضیات پر جائیدادیں تعمیر کی گئی ہیں تو انہیں جی اوز 58 اور 59 (سرکاری اراضیات پر تعمیر کی جانے والی تعمیرات کو باقاعدہ بنانا ) کے قواعد کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔ ورنہ براہ راست مسئلہ کا حل ہوجائے گا ۔ اس طرح 125 گز کے اندر جائیدادوں پر کوئی اسٹامپ ڈیوٹی نہیں لگائی جائے گی ۔اس سے زیادہ اراضی ہونے پر مارکٹ کی قدر کے لحاظ سے اسٹامپ ڈیوٹی ادا کرنی ہوگی ۔ اس کے علاوہ 5 روپئے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا ۔ جس کی احکامات میں وضاحت کردی گئی ہے تاہم احکامات میں آخری تاریخ کی مہلت کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دوسرے شہری علاقوں میں نوٹری اراضیات پر مکانات اور دیگر جائیدادیں پائے جاتے ہیں ۔ انہیں باقاعدہ بنانے کی لمبے عرصہ سے عوام حکومت سے مطالبہ کر رہے تھے ۔ اسمبلی میں بھی اس کی گونج سنائی دی تب چیف منسٹر کے سی آر نے اس مسئلہ پر ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا تھا اور اب نوٹری جائیدادوں کو باقاعدہ بنانے کے احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔ ن