حیدرآباد۔11جون(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن لمیٹڈ نے نوٹری کے دستاویزات اور بلدی اجازت نامہ کے بغیر تعمیر والی عمارتوں کو پیانل بورڈ یا 10 سے زائد برقی کنکشن نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل نے زیر تعمیر عمارتوں اور نوٹری کے دستاویزات کی بنیاد پر برقی میٹرس کو منظور کرنے کی تجویز تیار کی تھی لیکن کافی غور و خوص کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی نوٹری کے دستاویزات یا بغیر اجازت کے تعمیر عمارت یا زیر تعمیر عمارت کو کوئی برقی کنکشن و پیانل بورڈ منظور نہیں کیا جائے گا ۔ شہرکے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بغیر اجازت تعمیر رہائشی اپارٹمنٹس میں پیانل بورڈ کی تنصیب کے علاوہ برقی کنکشن کی فراہمی کے سلسلہ میں درخواستیں موصول ہورہی تھیں اور بیشتر عمارتیں نوٹری کے دستاویزات کی بنیاد پر تعمیر تھیں لیکن چیف جنرل منیجر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل نے فیصلہ کیا ہے کہ اب نوٹری اور بغیر اجازت کی تعمیرات میں کوئی پیانل بورڈ کی منظوری نہیں دی جائیگی اس سلسلہ میں تمام ایس ای‘ ای ای اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔