نوٹ بندی کے بعد کمیشن پر کرنسی کی تبدیلی ، کانگریس الزام پر بی جے پی کی تردید

   

نئی دہلی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج ایک اسٹنگ آپریشن کے حوالے سے الزام عائد کیا کہ نوٹ بندی کے بعد پرانے نوٹوں کو بعض لوگوں نے کمیشن کے عوض تبدیل کیا جنہوں نے خود کو حکومت اور بی جے پی کے قریبی بتایا ، لیکن برسراقتدار پارٹی نے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ وہ مناسب قانونی کارروائی کرے گی ۔ یہاں پریس کانفرنس میں سینئر کانگریس لیڈر کپل سبل نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ہزارہا کروڑ روپئے مالیت کے کرنسی نوٹ بیرون ملک طبع کرائے گئے اور ہندوستان لائے گئے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف محکمہ جات سے سرکاری عہدیداروں کی ٹیم کو نوٹ بندی کے بعد پرانے نوٹوں کو تبدیل کرنے میں مشغول رکھا گیا تاہم انہوں نے ان ویڈیوز کی تصدیق کی تائید میں کوئی بات پیش نہیں کی جو انہوں نے پریس کانفرنس میں دکھائے اور کہا کہ یہ عوام کی رسائی میں ہے اور فکرمندی کا اظہار کیا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں کو کارروائی شروع کرنا چاہئے۔ کپل سبل نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ الیکشن کمیشن ان کی شکایات پر کارروائی نہیں کررہا ہے۔