سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کی میڈیا سے بات چیت، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کا بھی اظہار دُکھ
سری نگر۔15 نومبر(یو این آئی) جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نوگام پولیس اسٹیشن میں پیش آئے حادثاتی دھماکے میں انسانی ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نوگام سانحہ ایک سنگین انتظامی غلطی کا نتیجہ ہے اور اس پر جامع تحقیقات ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ہی غلطی ہے ۔ جن لوگوں کو دھماکہ خیز مواد کی بہتر سمجھ تھی، ہمیں چاہیے تھا کہ اُن سے مشورہ لیتے کہ اسے کس طرح محفوظ طریقہ سے سنبھالنا ہے ۔ بجائے اس کے کہ خود ہی اسے ہینڈل کرنے کی کوشش کرتے ۔ آپ نے انجام دیکھ لیا-9 لوگ اپنی جانیں گنوا بیٹھے اور آس پاس کے گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس حادثہ کے اثرات کو اُن قومی حالات سے جوڑا جن میں دہلی کے حالیہ دھماکے کے بعد کشمیریوں کو شک کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک دہلی کے بحران سے نکل نہیں پائے جہاں ہر کشمیری پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ آخر کب وہ دن آئے گا جب یہ مانا جائے گا کہ ہم ہندوستانی ہیں اور ان واقعات کے ذمہ دار نہیں؟ اصل ذمہ داروں سے پوچھا جائے کہ ایک ڈاکٹر کو ایسے راستے پر کیوں جانا پڑا؟ وجہ کیا تھی؟ انہوں نے زور دیا کہ اس سانحے کے تمام پہلوؤں کی گہرائی سے جانچ، احتساب اور ذمہ داری کا تعین ضروری ہے ، خاص طور پر اس پس منظر میں کہ واقعہ میں طبی شعبے سے وابستہ افراد کا نام سامنے آیا ہے ۔ نیشنل کانفرنس صدر نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ناگزیر ہیں۔ بڈگام انتخابی نتائج سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان نتائج کو جھٹکے کے بجائے سبق کے طور پر لیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گھبرانا نہیں چاہیے ۔ شکست سبق سکھاتی ہے ۔ جہاں بھی کمزوریاں ہوں گی، ہم ان کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے ۔ پارٹی کو چاہیے کہ نتائج کے پس منظر میں تمام پہلوؤں کا ایمانداری سے جائزہ لے ۔ دوسری طرف جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نوگام پولیس اسٹیشن میں ہونے والے حادثاتی دھماکے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعلیٰ نے نوگام پولیس اسٹیشن میں ہونے والے المناک حادثاتی دھماکے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا جس میں قیمتی جانوں کا زیاں اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں ہوئے المناک حادثاتی دھماکے سے گہرا دکھ ہوا جس میں 9 قیمتی جانیں چلی گئیں اور متعدد زخمی ہوئے ۔