نو منتخب منوگوڑ رکن اسمبلی پربھاکر ریڈی کی چیف منسٹر سے ملاقات

   


عوامی وعدوں کی تکمیل پر توجہ دینے چندر شیکھر راؤ کا مشورہ
حیدرآباد ۔7 ۔ نومبر (سیاست نیوز) منو گوڑ ضمنی چناؤ میں کامیاب ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی نے آج پرگتی بھون پہنچ کر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے پارٹی امیدوار کے طور پر نامزد کرنے اور کامیابی کیلئے مساعی کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے نو منتخب رکن اسمبلی کو تہنیت پیش کی اور بہتر عوامی خدمت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے انتخابی مہم میں حصہ لینے والے قائدین اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کاوشوں پر اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام نے پارٹی اور حکومت کے اقدامات پر مکمل بھروسہ کرکے ٹی آر ایس کو کامیابی دلائی ۔ چیف منسٹر نے پربھاکر ریڈی سے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے اقدامات کریں۔ متعلقہ وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ منوگوڑ کی ترقی کا منصوبہ تیار کیا جائے۔ متحدہ نلگنڈہ ضلع کے وزیر برقی جگدیش ریڈی کی قیادت میں عوامی نمائندوں اور مقامی قائدین نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور منوگوڑ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان مقننہ جی کشور ، کے بھوپال ریڈی ، سی ایچ لنگیا ، جی سنیتا ، بی ملیا یادو ، جیون ریڈی ، پی شیکھر ریڈی ، سیدی ریڈی ، ریونت کمار نائک ، بھاسکر راؤ ،پی راجیشور ریڈی ، ایم سی کوٹی ریڈی کے علاوہ نلگنڈہ کے قائدین شامل ہیں۔ر