نپور شرما کیخلاف کولکتہ پولیس کی لُک آؤٹ نوٹس

   

کولکتہ :توہین رسالتؐ کی مرتکب نپور شرما کی مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایک طرف سپریم کورٹ نے گزشتہ روز نپور شرما کو ملک کے بگڑتے ہوئے حالات کے لیے ذمہ دار ٹھہرا کر اپنے بیان پر معافی مانگنے کی ہدایت دی وہیں اب کولکاتا پولیس نے نپور کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کر دیا ہے۔ کولکاتا میں نپور شرما کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جس کے بعد پولیس نے یہ کارروائی کی ہے۔18 جون کو پولیس کے سامنے پیش ہو کر انھوں نے بیان بھی درج کرایا تھا۔ دہلی پولیس اسپیشل سیل کی آئی ایف ایس او یونٹ نے بیان درج کیا تھا۔توہین رسالتؐ معاملے میں نپور شرما کو نارکیلڈانگا پولیس اسٹیشن نے 20 جون کو پیش ہونے کے لیے کہا تھا۔ علاوہ ازیں 25 جون کو ایمہرسٹ اسٹریٹ پولیس تھانہ نے انھیں سمن جاری کر کے طلب کیا تھا لیکن دونوں ہی معاملوں میں انھوں نے حاضری سے منع کر دیا تھا۔ ان کے خلاف کولکاتا کے 10 پولیس تھانوں میں شکایت درج ہے۔ سپریم کورٹ نے جمعہ کو نپور شرما کی ایک درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہائی کورٹ کا رخ کریں۔ اب جبکہ کولکاتا پولیس نے لُک آؤٹ نوٹس جاری کر دیا ہے، تو نپور شرما کے سر پر گرفتاری کی تلوار لٹک رہی ہے۔