نڈا بی جے پی کے نئے قومی صدر منتخب

,

   

نئی دہلی، 20جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مسٹر جگت پرکاش نڈا پیر کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر منتخب کئے گئے ۔پارٹی کے الیکٹورل افسر رادھا موہن سنگھ نے مسٹرنڈا کے بلامقابلہ صدر منتخب کئے جانے کااعلان کیا۔اس موقع پر پارٹی کے کئی سینئر لیڈر موجود تھے ۔ بی جے پی کے صدر امت شاہ نے سب سے پہلے مسٹر نڈا کو مبارکباد دی اور انہیں صدر کے دفترتک لیکر گئے ۔مسٹر نڈا بی جے پی کے ایکزیکیوٹیو صدر تھے ۔ وہ طالب علمی کی زندگی سے ہی سیاست میں تھے اور مرکز میں وزیر بھی رہ چکے تھے ۔بی جے پی کے صدر کے عہدہ کے لئے مسٹر نڈا کے علاوہ کسی دیگر نے نامزدگی داخل نہیں کی تھی۔پارٹی کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ، نتن گڈکری، بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلی اور نائب وزرائے اعلی اور ریاستی صدور نے مسٹر نڈا کے نام کی تجویزرکھی تھی۔ مسٹر نڈا کو مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کے علاوہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا قریبی سمجھا جاتا ہے ۔ مسٹر شاہ کے مرکزی وزیر بننے کے بعد مسٹر نڈا کو 19جون 2019کو ایکزیکیوٹیو صدر کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔مسٹر نڈا راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ وہ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے سکریٹری بھی ہیں۔ 2019کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی نے انہیں اترپردیش کی ذمہ داری سونپی تھی۔ صدر کے انتخاب کے اعلان کے بعد مسٹر نڈا کو مبارکباد دینے والوں کی قطار لگ گئی۔