قاہرہ: ایک بڑی کنٹینر شپ تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے مصر کی نہرِ سوئز میں پھنس گئی ہے جس سے دنیا میں تجارت کی اہم شاہراہ میں ٹریفک رک گئی ہے۔ منگل کو سامنے آنے والی تصاویر میں تائیوان کا ایم وی ایور گرین نامی بحری جہاز کو نہر سوئز میں ترچھا کھڑا دیکھا گیا جس کی وجہ سے کینال میں سمندری ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ بحری جہاز کو ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں۔جہاز کو چلانے والی کمپنی ایور گرین مرین کارپ نے اے ایف پی کو بتایا کہ مبینہ طور پر ہوا کے جھونکے سے کنٹینر غلطی سے رک گیا تھا۔کمپنی انتطامیہ کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی نے شپ کے مالک کو کہا ہے کہ اس واقع کی وجہ کو رپورٹ کریں اور کمپنی متعلقہ پارٹیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے، جن میں کینال کی انتظامیہ شامل ہے تاکہ جہاز کی جلد از جلد مدد کی جاسکے۔شپنگ کی ویب سائٹ ویسل فائنڈر کے مطابق یہ جہاز نیدر لینڈ کے شہر نوٹرڈیم جا رہا تھادو سمندروں بحیرہ روم اور بحیرہ احمر کو جوڑنے والی سوئز کینال کا شمار دنیا کی اہم تجارتی شاہراہوں میں ہوتا ہے جو کہ عالمی سطح پر بحری تجارت کا 10 فیصد راستہ فراہم کرتا ہے۔ سوئز کینال اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال تقریباً 19 ہزار بحری جہازوں کا سوئز کینال سے گزر ہوا تھا جس میں 1.17 ارب ٹن کا سامان تھا۔یہ کینال حالیہ سالوں میں مصر کی معیشت کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔