نہر سوئز میں پھنسے دیو ہیکل بحری جہاز کو نکالنے کی مساعی جاری

   

قاہرہ : مصر میں نہر سوئز میں پھنسے ہوئے ایک دیو ہیکل مال بردار بحری جہاز کو نکالنے کی کوششیں جمعہ کوبھی جاری ہیں۔ چہارشنبہ سے پھنسے ہوئے اس کنٹینر جہاز نے یورپ اور ایشیا کے درمیان اہم تجارتی بحری گزر گاہ کو مسدود کر رکھا ہے۔ اس کے نتیجے میں عالمی بحری نقل و حرکت میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے مشیر برائے نہر سویز مہاب ممیش کے مطابق نہر سویز میں بحری جہاز رانی آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں میں دوبارہ شروع ہو جائے گی۔نہر سویز اتھارٹی نے جمعرات کوبتایا تھا کہ پھنسے ہوئے بحری جہاز “ایور گرین” کی لمبائی 400 میٹر ہے۔ اس نے نہر کو مکمل طور پر مسدود کر دیا ہے۔اس سے قبل ہالینڈ کی کمپنی ’’اسمتھ سیلویج‘‘ کا کہنا تھا کہ پھنسے ہوئے جہاز کو پھر سے رواں دواں کرنے کے عمل میں کئی روز یہاں تک کہ ہفتے لگ سکتے ہیں۔