95 فیصد ملازمین مقامی نوجوانوں کو حاصل ہونے گورنمنٹ وہپ بی سمن کا دعویٰ
حیدرآباد :۔ گورنمنٹ وہپ بی سمن نے مقامی نوجوانوں کو 95 فیصد ملازمتیں حاصل کرنے کے لیے تیار کردہ نیا زونل سسٹم کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی سمن نے کہا کہ پانی ، فنڈس اور ملازمتوں کے لیے تلنگانہ تحریک چلائی گئی ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر آبپاشی پراجکٹس کو بڑے پیمانے پر تعمیر کرتے ہوئے پینے کا پانی اور فصلوں کو سیراب کرنے کے لیے پانی کا انتظام کرلیا ۔ بڑے پیمانے پر فنڈس بھی اکٹھا کرلیا گیا ۔ اب بہت جلد ملازمتوں کے تقررات کا بھی عمل شروع ہوجائے گا ۔ اس طرح تینوں وعدوں کو مختصر عرصے میں پورا کیا جارہا ہے ۔ زونل سسٹم کو منظوری دینے میں مرکزی حکومت نے تاخیر کی ہے جس کی وجہ سے ملازمتوں پر عاجلانہ تقررات نہیں ہوسکے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد 6 سال کے دوران ایک لاکھ 32 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے مزید 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ مختلف محکمہ جات کی جانب سے مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے ۔ جس پر بہت جلد عمل آوری ہوگی ۔ ملازمتوں کے معاملے میں بی جے پی قائدین کی جانب سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کی اور بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا محاسبہ کریں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سال میں دو کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا کیا 6 سال کے دوران ملک کے نوجوانوں کو 12 کروڑ ملازمتیں حاصل ہوئی ہیں ۔ بی جے پی قائدین اس کی وضاحت کریں ۔ اس کے علاوہ ملک کے جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکمرانی ہے کیا وہاں تلنگانہ میں جتنی ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں کیا ان ریاستوں میں اتنی ملازمتیں فراہم کی گئی ۔ گورنمنٹ وہپ بی سمن نے طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں کی جانب سے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ہے ۔۔