ٹی ایم سی اور بی جے پی کارکنوں میں ہاتھا پائی، مقامی لیڈر کے سیکوریٹی عملہ کی فائرنگ
کولکاتا: مغربی بنگال کے 24 پرگنہ ضلع کے بھات پارا علاقہ میں آج اس وقت حالات کشیدہ ہوگئے جب نیتاجی سبھاش چندربوس کے 125 ویں یوم پیدائش پر علاقہ میں ان کے مجسمہ کو پھول مالا پہنانے کیلئے ترنمول کانگریس اور بی جے پی کارکنوں میں بحث و تکرار اور ہاتھا پائی ہوگئی۔ ضلع کے نیہاتی اسمبلی حلقہ کے ٹی ایم سی رکن پارتھا بھومک نے الزام عائد کیا کہ بارک پورہ لوک سبھا حلقہ کے بی جے پی ایم پی ارجن سنگھ کے سیکوریٹی عملہ نے اس موقع پر 7 راونڈ فائرنگ کردی۔ دوسری جانب ارجن سنگھ نے ترنمول کانگریس کے کارکنوں پر فائرنگ کرنے، بم پھینکنے اور ان کی کار میں توڑپھوڑ کرنے کا الزام عائد کیا۔ ترنمول کانگریس کے زیرقبضہ بھات پارا میونسپلٹی میں اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ارجن سنگھ نے الزام عائد کیا کہ انہیں مجسمہ پر پھول مالا چڑھانے سے روک دیا گیا اور ان پر حملہ کیا گیا۔