نیتن یاہو کی فون کی وجہ سے معاہدہ ناکام : ایران کا دعویٰ

   

تہران ۔ 13 اپریل (ایجنسیز) ایران نے اسلام آباد مذاکرات میں امریکہ اور ایران کے درمیان ڈیل نہ ہونے کا ذمہ دار اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی فون کال کو قرار دے دیا۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دوران جے ڈی وینس کو موصول ہونے والی نیتن یاہو کی فون کال نے بات چیت کا رخ بدل دیا۔ ان کے مطابق ملاقات کے دوران نیتن یاہو کی کال نے امریکہ ایران مذاکرات سے توجہ ہٹا کر اسرائیل کے مفادات پر مرکوز کر دی، امریکہ نے مذاکرات کی میز پر وہ حاصل کرنے کی کوشش کی جو وہ جنگ کے ذریعہ حاصل نہ کر سکا۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب نائب امریکی صدر جے ڈی وینس اسلام آباد میں 21 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد کسی معاہدے کے بغیر واپس روانہ ہو گئے۔ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے مذاکرات میں نیک نیتی کے ساتھ شرکت کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ دوسری جانب تاحال وائٹ ہاؤس نے نیتن یاہو کی مبینہ کال کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ F/E