ایڈیلیڈ ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سوپر سنڈے میں پاکستان نے دن کے دوسرے مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا تھا جوٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر 11 گیندوں قبل پورا کر لیا۔ ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور 57 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ بنگلہ دیشی بولر نسم احمد نے11 ویں اوور میں بابر اعظم کو 25 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔ اننگز کے 12 ویں اوور میں پاکستان کی دوسری وکٹ 61 رنز پر گری جب محمد رضوان 32 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 92 رنز پرگری جب بنگلہ دیشی فیلڈر لٹن داس نے محمد نوازکو 4 رنز بنانے کے بعد راست تھرو پر رن آؤٹ کیا۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 121 رنز پر شکیب الحسن نے حاصل کی، انہوں نے محمد حارث کو 31 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ افتخار احمد 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مڈل آرڈر بیٹر شان مسعود 24 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ اس سے قبل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی بنگلہ دیش ٹیم کی پہلی وکٹ 21 رنز پرگری جب لٹن داس 10 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 11 ویں اوور میں 73 رنز پر گری جب سومیا سرکار 20 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔اسی اوورکی اگلی ہی گیند پر شاداب خان نے بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن کو ایل بی ڈبیلو آؤٹ کیا۔ چوتھی وکٹ 14 ویں اوور میں 91 رنز پر افتخار احمد نے حاصل کی، نجم الحسین 54 رنز بناکر بولڈ ہوئے۔ پانچویں وکٹ 17 ویں اوور میں 107 رنز پر گری جب مصدق حسین کو 5 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا۔ اسی اوور میں شاہین نے نور الحسن کی بھی وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ 19 ویں اوور میں 109 رنز پر گری جب تسکین احمد کو ایک رن پر شاہین شاہ آفریدی نے کیچ آؤٹ کیا۔بنگلہ دیشی بیٹر عفیف حسین 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہم نے آج بہت اچھی کرکٹ کھیلی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے منتظر ہیں۔
نیدرلینڈز نے افریقہ کو باہر کردیا
قبل ازیں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو 13 رنز سے حیران کن شکست دیکر اسے ورلڈ کپ سے باہر کردیا ۔میچ میں شکست کے بعد جنوبی افریقہ ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی ہے اور صبح ہی ہندوستان کی سیمی فائنلمیں رسائی کی تصدیق ہوگئی تھی ۔ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے گروپ ٹو کے ابتدائی میچ میں 159 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 145 رنز بنا سکی۔اس سے قبل پہلی اننگز میں نیدرلینڈزکے اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔اسٹیفن مائیبرگ 37 رنز، ٹام کوپر35 اور میکس او ڈاؤڈ 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔3 کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے کے بعد آخر میں کولن ایکرمین ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 26 گیندوں پر41 رنز کی عمدہ اننگزدرج کی ۔ نیدرلینڈز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے اور افریقی ٹیم کو 159 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج نے 2، ایڈن مرکرم اور اینریچ نورجے نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔جوابی اننگز میں افریقی ٹیم 145 رنز بناپائی ۔افریقہ کیلئے روسو نے س 25 رنز بنائے ،وقفہ وقفہ سے وکٹوں کازوال شکست کی وجہ رہا۔