نیرج شیکھر راجیہ سبھا کیلئے منتخب

   

لکھنو ، 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم چندرشیکھر کے فرزند نیرج شیکھر دوشنبہ کو راجیہ سبھا کیلئے بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔ اس نشست سے کوئی دیگر نامزدگی وصول نہیں ہوئی تھی۔ایک سینئر عہدہ دار نے یہاں اعلان کیا کہ نیرج کو بلامقابلہ منتخب قرار دیا گیا ہے۔ انھوں نے اترپردیش سے 26 اگست کے راجیہ سبھا ضمنی چناؤ کیلئے بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے 14 اگست کو چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ اور پارٹی کے صدر اسٹیٹ یونٹ سوتنتر دیو سنگھ کی موجودگی میں اپنی نامزدگی داخل کی تھی۔ نامزدگی سے دستبرداری کیلئے آج آخری دن تھا۔ یہ ضمنی چناؤ کی راجیہ سبھا سے خود نیرج کے استعفے کے سبب ضرورت پڑی تھی۔ اس نشست کی میعاد 25 نومبر 2020ء تک ہے۔ اترپردیش سے راجیہ سبھا کیلئے 31 ارکان ہوتے ہیں۔