نیرج پر کروڑہا روپئے کے انعامات،ریاستی حکومت کے 6 کروڑ

   

نئی دہلی۔ ٹوکیو اولمپکس کے جیولن تھرو ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کر کے نیرج چوپڑا نے تاریخ رقم کردی ہے جس کے بعد ان پر دولت اور انعامات کی بارش ہورہی ہے ۔ نیرج چوپڑا ایتھلیٹکس میں ہندوستان کی طرف سے میڈل حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ نیرج چوپڑا کے یہ کارنامہ انجام دینے کے ساتھ ہی ان پر انعامات کی بارش ہونے لگی ہے۔ پانی پت کے رہائشی نیرج چوپڑا کو حکومت ہریانہ نے6 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ نیز ہریانہ حکومت نے انہیں اول درجہ کی ملازمت بھی فراہم کرنے کا وعدہ کردیا ہے۔چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھٹر نے نیرج چوپڑا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیرج چوپڑا نے پورے ملک کا دل جیت لیا ہے۔ انہوں نے کہا نیرج چوپڑا نے نہ صرف میڈل جیتا ہے بلکہ ملک کا دل بھی جیت لیا ہے۔ ملک کو اس لمحہ کا مدت سے انتظار تھا۔ پورے ملک کو ان پر فخر ہے۔خیال رہے کہ حکومت ہریانہ کی جانب سے اولمپکس کے آغاز سے قبل ہی اعلان کر دیا گیا تھا کہ ہریانہ کا جو بھی کھلاڑی اولمپکس کا گولڈ میڈل جیت کر آئے گا اسے 6 کروڑ روپے بطور انعام فراہم کئے جائیں گے۔ نیرج کو اول درجہ کی ملازمت کے علاوہ پنچکولہ میں فلیٹ خریدنے پر بھی حکومت رعایت فراہم کرے گی۔چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے بھی نیرج کو ٹوکیو میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے لئے مبارک باد پیش کی ہے۔ حکومت پنجاب نے اعلان کیا کہ نیرج کو 2 کروڑ روپے سے نوازا جائے گا۔ٹوئیٹ میں کہا کہ نیرج چوپڑا آپ نے تاریخ رقم کی ہے اور ملک کو فخر کرنے والا بنا دیا ہے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے بھی نیرج چوپڑا کی کامیابی کی تعریف کی ہے۔ بی سی سی آئی نے نیرج چوپڑا کو ایک کروڑ روپے بطور انعام فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔آئی پی ایل فرنچائزچینائی سوپرکنگز نے بھی نیرج چوپڑا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ آنند مہیندرا نے کہا ہے کہ وہ نیرج چوپڑا کو ہندوستان واپس لوٹنے پر ایک ایس یو وی 700 کار تحفہ میں دیں گے۔