نیرج چوپڑا کو نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں گولڈ میڈل

   

نئی دہلی: ہندوستان کے اسٹار جیولن تھروور نیرج چوپڑا نے ٹوکیو اولمپک میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔ نیرج چوپڑا ایتھلیٹکس میں اولمپک تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ نیرج چوپڑا نے فائنل مقابلے میں 87.58 میٹر دور بھالا پھینک کر گولڈ میڈل جیتا۔ نیرج چوپڑا نے اپنے دوسرے تھرو میں ہی یہ دوری طے کی۔ نیرج چوپڑا نے پہلے تھرو میں ہی 87.03 کی دوری طے کرکے نمبر ایک پر جگہ بنالی تھی، لیکن اس کے بعد انہوں نے آئندہ تھرو میں اپنی کارکردگی مزید بہتر کی۔ نیرج چوپڑا نے ٹوکیو میں ہندوستان کو پہلا گولڈ میڈل دلایا۔جیولن تھرو فائنل میں کوئی بھی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کے آس پاس نظر نہیں آیا۔ نیرج چوپڑا واحد کھلاڑی رہے جن کا تھرو 87 میٹر سے اوپر رہا۔ چیک ریپبلک کے جاکب ویڈیلیچ 86.67 میٹر اور وتیسلاو ویسلی 85.44 میٹر کی دوری کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔نیرج چوپڑا نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیتا۔ یہ اولمپک تاریخ کا کسی ہندوستانی کھلاڑی کا ایتھلیٹکس کا پہلا میڈل ہے۔ پہلی بار ہندوستان نے اولمپک میں 7 میڈل جیتے۔ اس سے پہلے 2012 لندن اولمپک میں 6 میڈل ملے تھے۔ اس طرح سے ہندوستان نے 125 سال میں پہلی بار سات میڈل جیتنے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے-