نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو جڑ سے اکھاڑنا جہاد سے کم نہیں

   

سری نگر : جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی جیسی پارٹیوں کو جڑ سے اکھاڑنا ہمارے لئے جہاد ہے ۔ان کا ساتھ ہی کہنا تھا: ‘ہمارے لئے انتخابات میں ہارنا یا جیتنا اہم نہیں ہے بلکہ ان جماعتوں کو باہر کرنا اہم بات ہے ۔ موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتہ کے روز یہاں میڈیا سے بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ لوگ آنے والے انتخابات میں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو جڑ سے اکھاڑنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ ہمارے لئے جہاد ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ہارنا یا جیتنا ہمارے لئے اہم نہیں ہے بلکہ ان پارٹیوں کو جڑ سے اکھاڑنا اہم بات ہے ۔ الطاف بخاری نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنا اور سچ بولنا ہمارا ایجنڈا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سچ کہنا ہمارا ایجنڈا ہے جب 20 کروڑ مسلمان اس ملک کے ساتھ خوش رہ سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں رہ سکتے ہیں اور سچائی یہ ہے کہ ہم ہندوستان کا حصہ ہیں اور ہمارے بھی وہی حقوق ہیں جو یہاں 130 کروڑ لوگوں کے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘اپنی پارٹی نوجوانوں کو با قار زندگی دلانے کیلئے لڑے گی۔
موصوف صدر نے کہا کہ جن لیڈروں نعرہ سیلف رول، اٹانومی تھا ان کو بھی پکڑا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی سے چھٹکارا چاہتی ہے بلکہ بی جے پی نے بھی ہمارے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔ان کا دعویٰ تھا کہ جموں وکشمیر میں اگلی حکومت اپنی پارٹی کی ہوگی۔ بخاری نے کہا کہ سال 2019 کے بعد جموں وکشمیر کے لوگوں نے امن کا ہاتھ پکڑا ہے ۔