حیدرآباد۔2۔اکٹوبر(سیاست نیوز) صفائی بہتر نہ بنانے اور اضلاع میں بہتر ماحولیات کی فراہمی پر ناکامی پر نیشنل گرین ٹریبونل نے تلنگانہ پر 3800 کروڑ کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ ٹریبونل نے اس جرمانہ کو ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے۔ صدرنشین ٹریبونل جسٹس اے کے گوئل کے علاوہ جسٹس کمار تیاگی ‘ ارکان مسٹر اے سینتھل ویل اور مسٹر افروز احمد پر مشتمل کمیٹی نے تلنگانہ میں سوکھے اور نم کچہرے کو علحدہ کرنے میں ناکامی اور بہتر انتظامات نہ کئے جانے پر یہ کاروائی کی ہے ۔ ٹریبونل نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داریوں میں یہ شامل ہے کہ وہ صاف پینے کے پانی کی سربراہی ‘ آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائے اور بہتر حکمرانی کیلئے یہ سہولتیں اہمیت کی حامل ہیں۔