نیشنل گرین ٹریبونل کی ماہرین کی کمیٹی کا مجوزہ دورہ تلنگانہ

   

Ferty9 Clinic

پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کا معائنہ کیا جائے گا، تلنگانہ حکومت کی دلیل مسترد
حیدرآباد۔9 ۔جولائی (سیاست نیوز) نیشنل گرین ٹریبونل نے تلگو ریاستوںکے درمیان جاری آبی تنازعہ کے حل کے لئے آخرکار پہل کی ہے۔ ٹریبونل نے پالمور رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کی تعمیر میں ماحولیاتی منظوریوں کی خلاف ورزی کا جائزہ لینے کیلئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ چینائی میں واقع ٹریبونل کی بنچ نے ماہرین کی کمیٹی کو27 اگست تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ٹریبونل کو کسانوں کی جانب سے شکایت موصول ہوئی کہ پراجکٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں ماحولیاتی تحفظ کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ تلنگانہ کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل رام چندر راؤ نے ٹریبونل سے کہا کہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے، لہذا اسے مسترد کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 2016 ء میں پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کے کاموں کا آغاز ہوا تھا اور 5 سال گزرنے کے بعد ٹریبونل سے شکایت کرنا ناقابل فہم ہے۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کی رائے سے جسٹس رام کرشنن اور اکسپرٹ ممبر ستیہ گوپال پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے اتفاق نہیں کیا۔ بنچ نے کہا کہ درخواست گزار پراجکٹ کے خلاف نہیں ہیں بلکہ ماحولیاتی منظوریوں کی خلاف ورزی کا حوالہ دے رہے ہیں۔ شکایت کو سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے بنچ نے مرکزی وزارت ماحولیات ، تلنگانہ کے محکمہ آبپاشی ، محبوب نگر ضلع کلکٹر ، پراجکٹ کے سپرنٹنڈنگ انجنیئر اور دیگر عہدیداروں کو نوٹس جاری کی ہے۔ اس مقدمہ کی آئندہ سماعت 27 اگست کو مقرر کی گئی ۔