نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں انجن کمار یادو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو پیش ہوئے

   

ڈھائی گھنٹے تک پوچھ تاچھ، ینگ انڈیا لمیٹیڈ کوعطیہ کا اعتراف
حیدرآباد۔/23نومبر، ( سیاست نیوز) نیشنل ہیرالڈ کیس میں سابق رکن پارلیمنٹ اور پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو آج نئی دہلی میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو پیش ہوئے۔ ینگ انڈیا ادارہ کو عطیات کے مسئلہ پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ان سے سوالات کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً ڈھائی گھنٹہ تک انجن کمار یادو سے مختلف سوالات کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی گئیں۔ بعد میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ان کا بیان ریکارڈ کیا۔ ینگ انڈیا فاؤنڈیشن نے کانگریس کے دیگر قائدین کے ساتھ انجن کمار یادو نے بھاری عطیات دیئے تھے۔ جانچ کی تکمیل کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہا کہ ریونت ریڈی کے مشورہ پر انہوں نے ینگ انڈیا لمیٹیڈ میں عطیات دیئے تھے اور اسی بارے میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں نے سوالات کئے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے انہوں نے عطیہ دیا۔ انجن کمار یادو نے الزام عائد کیا کہ سیاسی انتقامی کارروائی کے طور پر نیشنل ہیرالڈ کیس میں کانگریس قائدین کو تحقیقات کیلئے طلب کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں نے انجن کمار یادو سے کہا کہ مزید تحقیقات کی صورت میں انہیں اطلاع دی جائے گی۔ واضح رہے کہ نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے علاوہ کانگریس کے موجودہ صدر ملکارجن کھرگے سے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ پوچھ تاچھ کرچکا ہے۔ تلنگانہ کے کانگریس قائدین میں محمد علی شبیر، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، سدرشن ریڈی، گالی انیل کمار کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے نوٹس دی تھی اور ان سے پوچھ تاچھ مکمل ہوچکی ہے۔ تمام قائدین نے ای ڈی کو اپنے بینک کھاتوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ر