اقلیتی طلبہ کیلئے ایک مثال، مغربی بنگال کے کٹوا ٹاؤن سے تعلق ، مسلسل تیسری کوشش میں کامیابی، ممتا بنرجی نے مبارکباد پیش کی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ بالخصوص طالبات نے قومی سطح کے مسابقتی امتحانات میں نمایاں مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف قوم و ملت کا نام روشن کیا بلکہ اقلیتی طلبہ کے لئے ایک مثال ثابت ہوئیں۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے قومی سطح پر اہلیتی ٹسٹ (NET JRF) 2025 میں نیلوفا یاسمین نے آل انڈیا سطح پر پہلا رینک حاصل کرتے ہوئے مغربی بنگال کا نام روشن کردیا ہے۔ نیلوفا یاسمین نے نیشنل الیجیبلیٹی ٹسٹ میں صد فیصد نشانات حاصل کرتے ہوئے نہ صرف اپنی غیر معمولی قابلیت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا بلکہ ملک بھر کے اقلیتی طلبہ کے لئے مشعل راہ بن چکی ہیں۔ یو جی سی NET 2025 کا جون میں انعقاد عمل میں آیا تھا اور مغربی بنگال کے پوربا بردھامن ضلع کے کٹوا سے تعلق رکھنے والی نیلوفا یاسمین کو چیف منسٹر ممتا بنرجی نے مبارکباد پیش کی۔ ممتا بنرجی نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے نیلوفا یاسمین کو آل انڈیا فرسٹ رینک حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے اس کارنامہ میں مغربی بنگال کا سر فخر سے اونچا کردیا ہے ۔ ممتا بنرجی نے نیلوفا یاسمین کے والدین ، سرپرستوں اور ٹیچرس کو مبارکباد پیش کی۔ نیلوفا یاسمین کا تعلق کٹوا ٹاؤن میں پلیٹا روڈ سے ہے اور ان کا خاندان تعلیم اور تدریس کی سرگرمیوں سے وابستہ رہا ہے ۔ یاسمین کے والدین ریٹائرڈ اسکول ٹیچرس ہیں اور انہوں نے اپنی دختر کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ یاسمین نے یو جی سی کا قومی اہلیتی امتحان دو مرتبہ لکھا تھا لیکن وہ قومی سطح پر رینک حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔ ان کی تیسری کوشش نہ صرف کامیاب رہی بلکہ ٹاپ رینک حاصل کرتے ہوئے انہوں نے نہ صرف والدین بلکہ مغربی بنگال کے ہر شہری کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ یاسمین نے بردوان یونیورسٹی میں خود کو پی ایچ ڈی اسکالر کے طور پر انرول کیا ہے۔ وہ مغربی بنگال کی تہذیب اور روایتی موسیقی کے امتزاج پر ریسرچ کر رہی ہیں۔ یاسمین کی ذہانت اور تعلیم سے دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ نہ صرف اسکول بلکہ پوسٹ گریجویٹ میں بھی ہمیشہ کلاس میں ٹاپ رینک حاصل کرتی رہیں۔ نیلوفا یاسمین ایک بہترین سنگر بھی ہیں اور انہوں نے آن لائین اپنا میوزیکل پرفارمنس دیا ہے ۔ یو جی سی قومی اہلیتی امتحان میں دوسرا رینک بھی کولکتہ کو حاصل ہوا۔ رکتا چکرابرتی نے ماس کمیونکیشن اینڈ جرنلزم میں قومی سطح پر دوسرا رینک حاصل کیا ہے ۔ ممتا بنرجی نے دونوں ٹاپ رینکرس کو مبارکباد پیش کی۔ نیلوفا یاسمین نے اپنی کامیابی کو والدین ، سرپرستوں اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی سے تعبیر کیا ہے ۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن قومی اہلیتی امتحان 2025 میں جملہ 1019751 امیدواروں نے رجسٹرڈ کرایا تھا اور 752007 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا۔ جونیئر ریسرچ فیلوشپ (JRF) اور اسسٹنٹ پروفیسرشپ دونوں زمرہ جات میں 54885 امیدوار کوالیفائی قرار پائے۔ 128179 امیدوار پی ایچ ڈی میں داخلہ کیلئے کوالیفائی قرار دیئے گئے ۔ نتائج سے قومی اہلیتی امتحان میں سخت مسابقت کا اندازہ ہوتا ہے ۔ نیلوفا یاسمین بنگالی تہذیب کے فروغ کے لئے کام کرنا چاہتی ہے اور وہ اپنے ریسرچ کے ساتھ ساتھ شعبہ تدریس میں دلچسپی رکھتی ہیں۔1