حکومت کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے نیلوفر ہاسپٹل میں غذا سربراہ کرنے والے کنٹراکٹر کی بے قاعدگیوں پر حکومت کی عدم کارروائی پر برہمی کا اظہارکیا۔ ہاسپٹل میں غذا سربراہ کرنے والے کنٹراکٹر کی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کی اپیل کے ساتھ مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے درخواست کی سماعت کی اور حکومت سے سوال کیا کہ کمیٹی کی رپورٹ کے پانچ ماہ گذرنے کے باوجود حکومت نے کارروائی کیوں نہیں کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ غذا سربراہ کرنے والے کنٹراکٹر سے حکومت کو اتنی محبت کیوں ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ کنٹراکٹر سریش کمار کو ہر کوئی بچانے کی کوشش کررہا ہے۔ حکومت کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس سلسلہ میں خصوصی کمیٹی کی رپورٹ پر فوری عمل کرے۔ ہائی کورٹ نے چیسٹ اور گاندھی ہاسپٹلس میں غذا کی سربراہی کے معاملہ میں کنٹراکٹر سریش کمار کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور 17 اگسٹ سے قبل رپورٹ پیش کرنے کی حکومت کو ہدایت دی ہے۔
