نیلی چائے یا بلیو ٹی ایک بیل دار پودے کے پھولوں سے تیار کی جاتی ہے ۔ اس پودے کو مٹر کی شکل میں پھلیاں لگتی ہیں ، جبکہ پھول تتلی کی مانند نیلے رنگ کا ہوتا ہے ،اس لئے اس کے پھولوں کو بٹرفلائی پی فلاور بھی کہتے ہیں ۔ بلیو ٹی جو کہ خالصتاً ہربل چائے ہے۔اپنے حیرت انگیز فوائد کی وجہ سے کئی ممالک میں استعمال کی جا رہی ہے۔نیلی چائے تازہ اور خشک دونوں طرح کے پھولوں سے تیار کی جاتی ہے۔ جدید تحقیق کے مطابق بلیو ٹی میں کیلشیم ، میگنیشیم،پوٹاشیم، زنک (جست)، فولاد،اور سوڈیم پائے جاتے ہیں، جو انسانی صحت کیلئے ضروری ہیں نیز،اس میں کئی حیاتین (وٹامنز) اور مانع تکسید اجزا بھی پائے جاتے ہیں،جو ہمارے جسم کیلئے ازحد مفید ہیں۔ نیلی چائے میں بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کے مخالف خصوصیت بھی پائی جاتی ہے،جو ہماری جلد کو تروتازہ رکھتی ہے اور بڑھاپے کے اثرات ظاہر ہونے سے روکتی ہے۔بلیو ٹی ابتدائی ذیابیطس کا بھی موثر علاج ہے۔نیلی چائے کا روزانہ استعمال کولیسٹرول کی مقدار میں کمی لاتا ہے اور شریانیں صاف رکھتا ہے۔یہ موٹاپے کا بہترین علاج اور جگر پر چربی چڑھنے سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ دن میں دو بار بلیو ٹی پینے سے بڑھا ہوا پیٹ کم ہو جاتا ہے۔بلیو ٹی جسم سے فاسد مادے خارج کرکے جلد کو صاف و شفاف بناتی ہے،جس سے کیل و مہاسے دور ہونے میں مدد ملتی ہے۔