بیجنگ ۔ چین کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ اگر امریکہ کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے تائیوان جانے کے ارادے پر عمل درآمد کیا تو چین سخت اقدامات کرے گا۔ نینسی پیلوسی جو امریکہ میں اپنے عہدے کے اعتبار سے صدر اور نائب صدر کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں، خود مختار جزیرے کا اگست میں دورہ کرنے والی ہیں۔ چین اس خطے کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے۔ ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے اپریل میں یہ دورہ کرنا تھا لیکن انہوں نے کرونا ٹسٹ مثبت آنے پر پروگرام ملتوی کر دیا تھا۔ نینسی پیلوسی اپنے پیش رو نیوٹ گنگرچ کے بعد تائیوان کا دورہ کرنے والی امریکہ کی پہلی اعلی ترین عہدیدار ہوں گی۔ گنگرچ پچیس سال قبل تائیوان گئے تھے۔ چین نے تائیوان کی فضائی حدود کے نزدیک پروازوں اور کسی حملے کے صورت میں ممکنہ جوابی کاروائیوں کے اظہار کے لیے مشقیں کی ہیں۔