جے پور۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساؤتھی کی خواہش ہے کہ ان کی ٹیم آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں شکست سے اپنی توجہ ہندوستان کے خلاف چہارشنبہ سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز پر مرکوز کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈرکو دوبارہ دیکھنے کی ضرورت ہے، خاص طور پرکورونا وبائی امراض کے بعد اب جبکہ حالات بہتر ہوئے ہیں۔ کین ولیمسن کی غیر موجودگی میں ساؤتھی نیوزی لینڈ کی کپتانی کریں گے، جو ٹی ٹوئنٹی کے بعد دو میچوں کی ٹسٹ سیریز پر توجہ مرکوزکررہے ہیں۔ساؤتھی نے کہا کہ ساتھی کسی قدر مایوس ہیں۔ ہم نے پورے ٹی20 ورلڈ کپ میں کچھ اچھی کرکٹ کھیلی اور فائنل نہ جیتنے پر مایوس ہیں۔ لیکن ہمیں اپنی توجہ اس سیریز اورہندوستان میں کھیلنے کے نئے چیلنج پر مرکوز کرنی ہوگی۔ منگل کو میچ سے قبل پریس کانفرنس میں ساؤتھی نے کہا کہ ہندوستان کے یہاں کے حالات کے مطابق مہمان ٹیم کو تھوڑا سا ڈھالنا ہے۔ساؤتھی نے ولیمسن کی ٹی ٹوئنٹی میں غیر موجودگی کو بڑی کمی قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ کین اس ٹیم کے لیے ایک بہت بڑی کمی ہے۔ وہ ایک معیاری کھلاڑی ہے۔ کسی اور کے لیے یہ موقع ہے کہ وہ کین کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھائے اور اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرے۔ یہ نیوزی لینڈ کی کپتانی کے لیے ہمیشہ دلچسپ، چیلنج اور اعزاز کی بات ہے۔ جب بھی آپ ہندوستان میں کرکٹ کھیلتے ہیں تو ہمیشہ ایک خاص موقع ہوتا ہے خود کو ثابت کرنے کا۔مصروف شیڈول کے بارے میں بات کرتے ہوئے ساؤتھی نے کہا ظاہر ہے کہ یہ کافی مصروف شیڈول ہے۔ ہمیں معلوم تھا کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں ایسا ہی ہونے والا ہے۔ آئی پی ایل میں ہم نے کچھ کھلاڑیوں کے ساتھ بنگلہ دیش اور پاکستان میں سیریز کھیلی تھی۔ اس میں کیا ہوا؟ پچھلے دوسالوں نے شیڈولنگ کو بہت مشکل بنا دیا ہے۔ کھلاڑیوں کو قرنطینہ کرنا پڑا۔
