تہران : ایران کا کہنا ہے کہ اس نے نیوکلیئر معاہدے کو بحال کرنے کے حوالے سے امریکی تجاویز کا “تعمیری” جواب بھیج دیا ہے۔ امریکہ کا تاہم کہنا ہے کہ بدقسمتی سے یہ تعمیری نہیں ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران نے سن 2015 کے نیوکلیئر معاہدے کو بحال کرنے کے لیے امریکی پیش کش کا ”تعمیری” جواب دیا ہے۔ تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے اس حوالے سے یکسر مختلف ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہنا ہے کہ ایران نے تحریری جواب پیش کر دیا جو تعمیری ہیاور جس کا مقصد ان مذاکرات کو حتمی شکل دینا ہے۔اس دوران ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے زور دیا کہ ان کے ملک نے جذبہ ”خیر سگالی اور سنجیدگی” کا مظاہرہ کیا ہے تاکہ ایک مضبوط اور مستحکم معاہدہ کیا جا سکے۔ لیکن امریکی محکمہ خارجہ نے اس جواب پر مختلف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کے روز کہا کہ وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یورپی یونین کے توسط سے ایران کا جواب موصول ہو گیا ہے لیکن بدقسمتی سے یہ تعمیری نہیں ہے۔