نیویارک سب وے اسٹیشن میں فائرنگ، ایک ہلاک

   

نیویارک: امریکی شہر نیویارک کے ایک سب وے اسٹیشن میں ایک نوجوان نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کردیا جبکہ پانچ افراد زخمی بھی ہو گئے۔نیویارک سٹی پولیس نے کہا ہے کہ وہ ایک بندوق بردار کی تلاش کررہے ہیں جس نے پیر کے روز برونکس میں ایک سب وے ٹرین اور اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر فائرنگ کی تھی، جس میں ایک شخص کی موت ہوگئی تھی اور پانچ دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔نیویارک سٹی پولیس محکمہ کے حکام نے اسٹیشن، جہاں تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا، کے باہر ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سب وے اسٹیشن میں نوجوان دوستوں کے درمیان کسی تنازع پر بحث جاری تھی کہ اچانک ایک شخص نے پستول نکال کر فائرنگ کردی۔انہوں نے بتایا کہ ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔ پولیس نے سب وے اسٹیشن حکام سے تفتیش اور مختلف علاقوں میں ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پہلی گولی ٹرین کے اندر چلائی گئی۔ لیکن جنہیں گولیاں لگیں وہ تمام چھ افراد ٹرین کے باہر پلیٹ فارم پر تھے۔ فائرنگ کے اس واقعے میں ایک 34 سالہ شخص کی موت ہو گئی جبکہ پانچ دیگر افراد کو ہاسپٹل لے جایا گیا، جہا ں ان کی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔ متاثرین کی عمریں 14 سے 71 سال کے درمیان تھیں اور ان میں چار مرد اور دو خواتین شامل تھیں۔نیویارک سٹی پولیس محکمہ کے ڈپٹی کمشنر برائے اطلاعات عامہ طارق شیپہرڈ نے کہا کہ ہم حملہ آور سے کہنا چاہتے ہیں کہ آپ نیویارک سٹی پولیس محکمہ کو اس وقت انتہائی مطلوب ہیں اور دنیا کے سب سے بڑے جاسوس آپ کی تلاش میں ہیں۔