نیویارک : امریکی ریاست نیویارک میں ہیلتھ انشورنس کمپنی یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے چیف ایگزیکیٹو افسر برائن تھامسن کو ہِلٹن مِڈ ٹاؤن ہوٹل کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تاہم ملزم کی تلاش تاحال جاری ہے۔امریکی نیوز ٹی وی چینل سی این این کے مطابق حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا تھا، ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملہ آور نے کچھ اہم نشان چھوڑے ہیں۔بدھ کو پولیس کمشنر جیسیکا نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ چہارشنبہ کی صبح سات بجے سے کچھ دیر قبل ماسک پہنے ایک مسلح شخص ہِلٹن مِڈ ٹاؤن ہوٹل کے باہر برائن تھامسن کا انتظار کر رہا تھا۔پولیس کمشنر نے مزید بتایا کہ ’بہت سے لوگ ملزم کے قریب سے گزرے، لیکن وہ اپنے مخصوص ہدف کا انتظار کرتا نظر آیا۔ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ منصوبے کے تحت حملہ کیا گیا۔‘مسلح شخص نے برائن تھامسن پر پیچھے سے گولی چلائی۔ ان کو ایمرجنسی ورکرز نے شدید زخمی حالت میں ماؤنٹ سینائی ویسٹ ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے اور دم توڑ گئے۔فائرنگ کے محرکات واضح نہیں ہو سکے اور پولیس نے بھی ابھی تک تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ لیکن تفتیش سے واقف ایک ذرائع نے سی این این کو بتایا کہ یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کی پیرنٹ کمپنی یونائیٹڈ ہیلتھ گروپ، اعلٰی سطح کے ایگزیکٹیوز کو ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ تھی لیکن ان میں برائن تھامسن کا نام شامل نہیں تھا۔