مہاراشٹرا میں ٹیچرس اہلیتی امتحان کا پرچہ لیک ‘ امتحان منسوخ

,

   

بھیونڈی میں پولیس کا دھاوا ۔ ضبط شدہ مواد پرچہ سوالات کے مطابق پایا گیا ۔ آئندہ امتحانی تاریخ کا جلد اعلان متوقع

ممبئی 27 جون ( ایجنسیز ) نیٹ پرچہ کے افشاء کے بعد اب مہاراشٹرا میں ٹیچرس اہلیتی امتحان TET کے پرچہ کا افشاء ہوا ہے ۔ مہاراشٹرا اسٹیٹ ایگزنیشن کونسل نے آج اعلان کیا کہ پرچہ کے افشاء کی وجہ سے ٹیچرس اہلیتی امتحان کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ یہ امتحان اتوار 28 جون کو منعقد ہونے والا تھا ۔ ریاست بھر کے جملہ 1,028 مراکز پر یہ امتحان ہونے والا تھا ۔ حکومت کے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پرچہ کے افشاء کے بعد امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ امتحانات کو شفاف رکھا جاسکے ۔ کہا گیا ہے کہ آج ایک مقام پر پرچہ کے افشاء ہونے کی اطلاع ملی تھی ۔ یہ افشاء بھیونڈی میں ہونے کی اطلاع ہے ۔ عہدیداروں نے کچھ مواد کو ضبط کیا تھا اور یہ پایا گیا کہ یہ مواد ٹیٹ کے پرچہ سوالات سے مطابقت رکھتا ہے ۔ مہاراشٹرا اسٹیٹ کونسل برائے امتحانات نے بتایا کہ نیٹ 2026 کے پرچہ میں بے قاعدگیوں کے بعد کئی سکیوریٹی اقدامات کو یقینی بنایا گیا تھا تاکہ ٹیٹ کے امتحان کو نقائص سے پاک بنایا جاسکے ۔ تاہم آج صبح ایک خفیہ اطلاع ملنے کے بعد بھیونڈی پولیس نے ایک مقام پر دھاوا کیا جہاں کچھ افراد مبینہ طور پر پرچہ سوالات سے متعلق مواد کے ساتھ موجود تھے ۔ جانچ پڑتال کے دوران عہدیداروں نے پایا کہ جو مواد دستیاب ہوا ہے وہ ٹیٹ 2026 کے پرچہ سوالات سے مطابقت رکھتا ہے ۔ اس کے بعد ایک فوجداری مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور کونسل نے کہا کہ امتحان کو منسوخ کردیا گیا ہے تاکہ شفافیت کو برقرار رکھا جاسکے ۔ امتحان کی آئندہ تاریخ کا مابعد اعلان کیا جائے گا ۔ کونسل نے بتایا کہ اس کی ویب سائیٹ پر یہ اطلاع دی جائے گی کہ آئندہ امتحان کب منعقد ہوگا ۔ امیدوارںو سے کہا گیا کہ وہ مایوس ہونے کی بجائے اپنی تیاری جاری رکھیں۔ کونسل نے یہ بھی واضح نہیں کیا ہے کہ آیا جو ہال ٹکٹس جاری کردئے گئے وہی کارآمد رہیں گے یا نئے جاری کئے جائیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ تازہ ہدایات جاری کرنے تک جن طلباء نے اپنے ایڈمٹ کارڈز ڈاؤن لوڈ کرلئے تھے انہیں سنبھال کر رکھنا چاہئے ۔ امتحانی پیٹرن میں تبدیلی کی بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں تاہم اس کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے ۔

پیپرلیک نوجوانوں کے مستقبل کی چوری ہے :راہول گاندھی
نئی دہلی، 27 جون (یو این آئی) قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے مہاراشٹر ٹیچر اہلتی ٹیسٹ کے پیپر لیک اور امتحان کی منسوخی پر کہا کہ بی جے پی حکومتوں نے تعلیمی اور امتحانی نظام کو وصولی کا سسٹم بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور پیپر لیک، ایک اور امتحان منسوخ ‘ اس بار مہاراشٹر کا ٹی ای ٹی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور امتحانی نظام کو وصولی کا ذریعہ بنا دیا گیا ، جس سے ہر نوجوان خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف پیپر لیک نہیں، بلکہ نوجوانوں کے مستقبل کی چوری ہے ۔