نیویارک کے مین ہاٹن میں سر شام سے برقی منقطع

,

   

Ferty9 Clinic

معمولات زندگی متاثر۔ سب ویز بند ‘ تھیٹرس میں تاریکی ۔ کئی گھنٹوں بعد برقی بحال

نیویارک 14 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) نیویارک کے مین ہاٹن میں ہفتہ کی شام سے برقی اچانک منقطع ہوجانے سے معمولات زندگی متاثر ہوکر رہ گئے ۔ تھیٹرس میں تاریکی چھا گئی ۔ سب ویز میں ٹریفک رک گئی اور ٹائمز اسکوائر پر بل بورڈز ھی چمک دھمک ختم ہوکر رہ گئی ۔ پاور سپلائی کرنے والی کمپنی کان ایڈیسن نے بتایا کہ تقیربا 42,000 صارفین کو شام سے ہی برقی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ کمپنی نے برقی کٹوتی کی وجوہات نہیں بتائیں۔ رات 10 بجے برقی کو بحال کیا گیا تھا جس کا عوام نے تالیاں بجاکر استقبال کیا ۔ مئیر بل ڈی بلاسیو نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ ایک مین ہول میں آگ لگنے کی وجہ سے برقی منقطع ہوگئی تھی تاہم انہوں نے بعد میں سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برقی کٹوتی کی وجوہات کا پتہ چلایا جا رہا ہے ۔ قبل ازیں دن میں درجنوں افراد نے سوشیل میڈیا پر گلیوں ‘ سب ویز اور اپارٹمنٹس کی تصاویر پیش کی تھیں جہاں مکمل تاریکی دکھائی گئی ۔ اس بلیک آوٹ کی وجہ سے امریکہ کے اس سب سے بڑے شہر میں خدمات متاثر ہوئیں۔ نیویارک کے میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھاریٹی نے ٹوئیٹر پر اپیل کی تھی کہ جو کوئی زیر زمین سب ویز کے سفر سے گریز کرسکتے ہیں انہیں کرنا چاہئے ۔ شہر کے ریل نیٹ ورک کے بیشتر اسٹیشنس زیر زمین ہیں۔ آتش فرو عملہ نے بتایا کہ انہوں نے مدد کیلئے کئی اپیلوں پر کارروائی کی ہے ۔ بیشتر افراد لفٹ اور ایلیویٹرس پر پھنسے ہوئے تھے ۔ علاوہ ازیں پولیس کی گاڑیوں اور ایمبولنس گاڑیوں کو بھی اس بلیک آوٹ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ نیویارک کے شہریوں نے برقی بلیک آوٹ کے دوران ایک دوسرے کی مدد کی بھی کوشش کی ہے ۔ کچھ ٹریفک جنکشنس پر راہ گیروں نے ٹریفک کے گذرنے میں مدد کی جبکہ ایک کنسرٹ کو لب سڑک منعقد کیا گیا ۔ گاڑیوں کی آمد و رفت کو یقینی بنانے کیلئے عہدیداروں کو بھی سرگرم دیکھا گیا جبکہ گلیوں اور چھوٹی سڑکوں پر عام شہری بھی ایک دوسرے کی مدد کرتے دیکھے گئے ۔ کئی ہوٹلوں میں ٹہرے ہوئے افراد کو ہوٹل کے باہر ہی وقت گذارتے بھی دیکھا گیا کیونکہ برقی نہ ہونے سے انہیں ہوٹلوں میں آنے سے گریز کرنے کو کہا گیا تھا ۔