اسلام آباد؍ واشنگٹن۔ 10 نومبر (ایجنسیز) امریکی صدر ٹرمپ نے ناظم الامور نیٹلی بیکر کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کردیا۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر نے بیکر کو پاکستان میں امریکہ کی نئی سفیر نامزد کیاہے جس کے بعد بیکر کی نامزدگی منظوری کیلئے سینیٹ کو بھیج دی گئی ہے اور سینیٹ کی منظوری کے بعد وہ سفیر مقرر ہوجائیں گی۔ بیکرنے جنوری 2025 میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ میں بطور ناظم الامور اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور وہ اس وقت پاکستان میں بطور امریکی ناظم الامور خدمات انجام دے رہی ہیں۔ نیٹلی اس سے قبل امریکی سفارتخانہ دوحہ، قطر میں ڈپٹی چیف آف مشن بھی تعینات رہیں۔نیٹلی نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی جبکہ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی میں کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔