نئی دہلی، 21 جون (یو این آئی) ملک بھر اور بیرون ملک کے کچھ مراکز پر اتوار کو 22 لاکھ سے زیادہ امیدوار نیٹ (این ای ای ٹی) امتحان میں شامل ہوئے ۔ اس دوران مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے دہلی کے اوکھلا میں واقع نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی کے ہیڈکوارٹر میں کنٹرول روم کا معائنہ کیا، جہاں کئی بڑی اسکرینوں پر ملک بھر کے امتحانی مراکز کی براہ راست نشریات نظر آ رہی تھی۔ عہدیداروں کے مطابق امتحان 95,000سے زیادہ کمروں میں منعقد کیا گیا تھا، جن میں سے ہر ایک کمرہ میں کیمرے لگے ہوئے تھے ۔ کل 1,38,560کیمرے لگائے گئے تھے ، جن کی براہ راست نگرانی قومی، ریاستی اور وزارت کی سطح پر کی جا رہی تھی۔ کسی بھی الیکٹرانک گڑبڑی کو روکنے کیلئے ایجنسی نے 51,311 سگنل روکنے والے آلات (جیمرز) بھی لگائے تھے ۔یہ وسیع سکیورٹی انتظامات راجستھان میں پیپر لیک کے الزامات کے بعد 3مئی کو منعقدہ امتحان کے منسوخ ہونے کی وجہ سے کیے گئے تھے ۔ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی نے 12 مئی کا امتحان منسوخ کر دیا تھا اور اس کی جگہ 21جون کو دوبارہ کرایا گیا تھا۔جہاں ایک طرف یہ امتحان بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے مکمل ہو گیا، وہیں دوسری طرف دہلی کے جنتر منتر پر وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر مسلسل دوسرے دن احتجاجی مظاہرہ جاری رہا۔ اس مظاہرے کی قیادت کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے کر رہے تھے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر مظاہرے کے مقام کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ احتجاجی مظاہرہ جاری رہے گا اور انہوں نے وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ دہرایا۔