وزیراعظم شیربہادر دیوبا کے اپریل کے دورہ میں فاضل بجلی کی برآمد پر ہندوستان نے مثبت ردعمل ظاہر کیا تھا
کھٹمنڈو/نئی دہلی : نیپال نے ہندوستان کو اضافی بجلی کی برآمد شروع کردی ہے ۔نیپال بجلی اتھارٹی (این ای اے ) نے مانسون کے آغاز اور دریا کے پانی کی سطح میں اضافے کے ساتھ چہارشنبہ کی آدھی رات سے ہندوستان کو 39 میگاواٹ بجلی کی برآمد شروع کر دی ہے ۔این ای اے کے ترجمان سریش بہادر بھٹارائے نے کہا کہ نیپال نے 39 میگاواٹ بجلی برآمد کرنا شروع کر دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ این ای اے نے ہندوستان کی مسابقتی توانائی کے تبادلے کی مارکیٹ آئی ای ایکس میں چہارشنبہ کی آدھی رات سے ہر 15 منٹ بعد بجلی کی فروخت شروع کر دی ہے ۔این ای اے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کلمن گھیسنگ کے مطابق نواکوٹ میں واقع دو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹوں سے ہندوستان کو 39 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔اس وقت بارش کی وجہ سے نیپال کے دریاؤں کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے ۔ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹس سے ہندوستان کو برآمد کی جانے والی بجلی میں سے 24 میگاواٹ ترشولی ہائیڈرو پاور سے اور 15 میگاواٹ دیوی گھاٹ پروجیکٹ سے بھیجی جارہی ہے ۔ملکی پاور اتھارٹی نے مئی میں پانچ ماہ کے لیے ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹس سے پیدا ہونے والی 200 میگاواٹ بجلی فروخت کرنے کے لیے ہندوستانی کمپنیوں سے ٹینڈر طلب کیے تھے۔ ہندوستان نے حال ہی میں نیپال کو ہندوستانی مارکیٹ میں اضافی 325 میگاواٹ بجلی فروخت کرنے کی اجازت دی ہے ۔نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا کے اپریل کے دورے کے دوران فاضل بجلی کی برآمد پر ہندوستان نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ دونوں فریقوں نے پاور سیکٹر میں تعاون سے متعلق ایک اپروچ پیپر پر دستخط کیے تھے ۔اپروچ لیٹر میں نیپال کے وزیر اعظم دیوبا نے ہندوستان کے سرحد پار بجلی کی تجارت کے ضابطے کی تعریف کی ہے ، جو نیپال جیسے بڑے شراکت داروں کو ہندوستانی بازار میں توانائی کی تجارت کے مواقع فراہم کرتا ہے ۔دونوں وزرائے اعظم نے باہمی فائدے ، مارکیٹ کی طلب اور ہر ملک پر لاگو گھریلو ضوابط کی بنیاد پر دونوں ممالک میں بجلی کی منڈیوں تک منصفانہ رسائی کے ساتھ دو طرفہ بجلی کی تجارت پر بھی اتفاق کیا۔اس وقت نیپال کی کل بجلی کی پیداوار 2,300 میگاواٹ ہے ۔ کچھ منصوبے رواں مالی سال کے آخر تک شروع ہو سکتے ہیں۔ہندوستان میں درجہ حرارت میں اضافے کے بعد بجلی کی مانگ زیادہ ہے اور بجلی کی خرید و فروخت کے لیے زیادہ سے زیادہ قیمت 12روپے (نیپالی روپے 19.20) فی یونٹ ہے ۔ترجمان بھٹارائے نے بتایا کہ این ای اے 6.28 روپے کی شرح سے بجلی برآمد کر رہا ہے ۔بعض اوقات این ای اے کو بھی زیادہ سے زیادہ 12 روپے بھی ملے ہیں۔