نیپال کا طیارہ گر کر تباہ، 4 ہندوستانی سمیت 22 افراد سوارتھے

   

کھٹمنڈو: نیپال کے پوکھرا سے جوم سوم جانے والا تارا ایئر کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سربراہ نے بتایا کہ آج صبح 10 بجے ٹیک آف کے بعد لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے کا ملبہ مسٹانگ کے علاقے کووانگ سے دستیاب ہوا ہے۔ نیپالی فوج واقعے کی تحقیقات کے لیے زمینی اور فضائی راستے سے جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔ جہاز میں عملے سمیت 22 افراد سوار تھے جن میں چار ہندوستانی مسافر بھی شامل تھے۔نیپالی فوج کے ترجمان نارائن سلوال نے کہا کہ مقامی لوگوں کی طرف سے نیپال فوج کو دی گئی معلومات کے مطابق تارا ایئر کا طیارہ مناپتی ہمال کے نچلے حصے میں لامچے ندی کے پاس گر کر تباہ ہو گیا۔تارا ایئر لائنز کے ٹوئن آٹر طیارے نے اتوار کی صبح پوکھرا سے اڑان بھری۔ لیکن ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد طیارہ سے رابطہ صبح 10.07 بجے سے منقطع ہو گیا تھا۔