وائرس کا خوف پھیلانے پر بی جے پی ایم پی کیخلاف مقدمہ

   

Ferty9 Clinic

کولکاتا،17اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سبھاش سرکار کے خلاف انڈین پینل کوڈ کے مختلف دفعات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ (ڈی ایم اے ) 2005 کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات فراہم کرکے عوام میں خوف و ہراس پیدا کیا ہے ۔اس سے قبل علی پور دوار سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ جے برلانے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کرشکایت کی تھی کہ حکومت بنگال نے انہیں گھر میں قید کردیا ہے۔دودن قبل وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے متعلق غلط خبریں اور افواہ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اس کے بعد بانکوڑہ ضلع پولیس نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سبھاش کے خلاف کیس درج کیا ہے۔بانکوڑہ ضلع پولس نے بی جے پی لیڈر سبھاش سرکار جو پیشے سے ڈاکٹر ہیں اُن کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 54کے تحت کیس درج کیا۔اس دفعہ کے تحت غلط خبر یا جھوٹی افواہ جس سے عوام میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوجائے تو سزا کا مستحق ہوتا ہے ۔اسی لئے ان کے خلاف آئی پی سی کے مختلف دفعات کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ یہ معاملہ 14 اپریل کو بنکورہ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔ایف آئی آر درج کرنے پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی رکن لیڈر ڈاکٹر سبھاش نے کہا کہ ہم نے دو لاشوں کی خفیہ طریقے سے آخری رسوم کی ادائیگی کی جانے پر سوال اٹھا یا تھا۔یقیناان دونوں کی جانچ منفی آئی ہے اور یہ دونوں کورونا وائرس سے متاثر نہیں تھے مگر میں نے یہ سوال کیا تھا کہ آخر خفیہ طریقے سے لاشوں کو کیوں دفنایا جارہا ہے۔