وائس چانسلر اردو یونیورسٹی کشمیر کیمپس میں انفراسٹرکچر کی تعمیرکیلئے پُرعزم

   

سری نگر : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے کہا کہ میں یونیورسٹی کے کشمیر کیمپس میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کو لے کر بہت سنجیدہ ہوں اور میری بھرپور کوشش ہے کہ کام جلد سے جلد شروع ہو۔تاہم ان کا ساتھ ہی کہنا تھا کہ حکومت اور مقامی لوگوں کے تعاون سے یہ کام بہت جلدی شروع ہو سکتا ہے ۔پروفیسر سید عین الحسن نے ان باتوں کا اظہار چہارشنبہ کے روز یہاں کشمیر یونیورسٹی میں منعقدہ ‘قومی اردو سائنس کانگریس’ کے حاشئے پر یو این آئی اردو کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران کیا ہے ۔انہوں نے کہا: ‘یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالنے کے روز اول سے ہی میں نے کیمپسز کے بارے میں سوچنا شروع کیا اور یہاں اس کانگریس میں شرکت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ‘۔پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ یہاں بڈگام کے پاٹوائو میں کیمپس کا تعمیری کام بہت جلد شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی اور میں نے اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات طلب کی ہے ۔انہوں نے کہا: ‘میں نے لیفٹیننٹ گورنر صاحب سے اس سلسلے میں ملاقات طلب کی ہے وہ ہمیں کیا دے سکتے ہیں اگر ایک معاہدہ بن جائے تو بہت جلد تعمیری کام شروع ہو جائے گا میں اس کے لئے بہت سنجیدہ ہوں’۔اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کہا کہ اس کیمپس میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے مقامی حکومت اور مقامی لوگوں کا تعاون بہت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت، مقامی لوگوں اور دیگر متعلقین کے تعاون سے یہ کام بہت جلدی ہوگا اور میری کوشش ہے کہ یہ کام کم سے کم وقت میں شروع ہو جائے ‘۔