وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر جیا شنکر کو ریاستی ویمنس کمیشن میں حاضر ہونے کی ہدایت

   

حیدرآباد۔ 10 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ کمیشن برائے خواتین نے پروفیسر جیاشنکر تلنگانہ زرعی یونیورسٹی (پی جے ٹی اے یو) کے وائس چانسلر الداس جنیا کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک اسسٹنٹ پروفیسر کی جانب سے درج کرائی گئی جنسی ہراسانی کی شکایت کے سلسلے میں 12 نومبر کو دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر کمیشن کے سامنے پیش ہوں۔ یہ شکایت یونیورسٹی کی ایک اسسٹنٹ پروفیسر نے درج کرائی تھی۔ گزشتہ ہفتے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ یونیورسٹی میں انہیں ہراسانی، جسمانی ساخت پر طعن و تشنیع اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے مداخلت کی درخواست کے ساتھ اعلیٰ پولیس افسران اور ویمن سیفٹی ونگ سے رجوع کیا تھا تاہم کئی دیگر پروفیسروں اور عملے کے ارکان نے ان کے الزامات کو چیلنج کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ الزامات من گھڑت ہیں۔ 7 نومبر کو میڈیا سے الگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ شکایت کنندہ کا یہ اقدام جنیا کے خلاف ناراضگی کا نتیجہ ہے کیونکہ انہوں نے حال ہی میں ان کا تبادلہ نظام آباد کر دیا تھا۔1