پانچ افراد لاپتہ ۔ راحت کاری کا آغاز ۔ راہول گاندھی و پرینکا گاندھی کا اظہار افسوس
تھرواننتاپورم 7 جولائی ( ایجنسیز ) کیرالا میں شدید بارش کے دوران وائیناڈ میں وائیناڈ سرنگ کے داخلہ کے مقام پر ملبہ پھسلنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ شدید بارش کے بعد مٹی کے تودے گرے تھے جس کے بعد ملبہ پھسل گیا ۔ یہ واقعہ زیر تعمیر وائیناڈ سرنگ کے قریب پیش آیا ۔ کہا گیا ہے کہ پانچ افراد اس حادثہ کے بعد سے لاپتہ ہیں ۔ یہ واقعہ میناکشی برج کلاڈی کے مقام پر پیش آیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بچاؤ اور راحت کے کام شروع کردئے گئے ہیں اور پانچ افراد کو ملبہ کے نیچے سے زندہ بچانے میں کامیابی بھی ملی ہے ۔ انہیں علاج کیلئے دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے ۔ پانچ افراد اب بھی لاپتہ بتائے گئے ہیں اور ان کی تلاش کی جا رہی ہے ۔ سرنگ پراجیکٹ کے مزدور جن خیموں کا استعمال کرتے تھے وہاں بچاؤ کام شروع کردئے گئے ہیں۔ اس کام کو اب معطل کردیا گیا ہے ۔ شدید بارش کو دیکھتے ہوئے حکام نے کام معطل کرنے کے احکام جاری کئے تھے ۔ اس دوران مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ پٹرولیم و قدرتی گیس مسٹر سریش گوپی نے کہا کہ انہوں نے وائیناڈ سرنگ حادثہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے علم میں لایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکام تعمیراتی مقام سے مٹی کو ہٹانے کی ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اگر یہ واقعی درست ہے تو یہ بڑی غلطی ہے اور اس پر حکومت کو کارروائی کرنی چاہئے ۔اس دوران قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے وائیناڈ واقعہ میں مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور پارٹی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ ریاستی انتظامیہ کی مدد کریں۔ انہوں نے اس واقعہ کو تکلیف دہ قرار دیا ۔ اس دوران وائیناڈ کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ وہاں راحت و امدادی کام شروع کردئے گئے ہیں۔