وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کا کانگریس میں انضمام ضابطہ کی کارروائی

   

راج شیکھر ریڈی کی آج برسی سرکاری اعلان متوقع ، شرمیلا کو سکندرآباد اسمبلی یا کرناٹک سے راجیہ سبھا کا پیشکش
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کا کانگریس میں انضمام ضابطہ کی کارروائی بن کر رہ گیا ۔ 2 ستمبر کو سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی برسی کے موقع پر اس کا سرکاری طور پر اعلان ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی حلقہ سکندرآباد سے مقابلہ کرنے کا شرمیلا کو پیشکش کیا اور ساتھ ہی کرناٹک سے راجیہ سبھا کا رکن بنانے کی بھی تجویز پیش کی ہے ۔ شرمیلا کی وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی کانگریس میں انضمام کے کئی دنوں سے افواہیں گشت کررہی تھی تاہم شرمیلا نے کبھی اس کی تردید نہیں کی اور نہ ہی وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے کانگریس میں ضم ہونے کا کانگریس پارٹی نے کبھی سرکاری طور پر اعلان کیا ہے ۔ تاہم کل شرمیلا نے اپنے شوہر کے ساتھ دہلی پہونچکر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کی اور 40 منٹ تک تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جس کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے جو بھی افواہیں تھی وہ حقائق پر مبنی تھیں ۔ اس اجلاس میں کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال بھی تھے ۔ شرمیلا کی ملاقات کے بعد کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار نے بھی سونیا گاندھی سے ملاقات کی جنہوں نے شرمیلا کو ان کی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرانے کے لیے راضی فارمولہ تیار کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے شرمیلا کو ان کے سیاسی مستقبل کا بھروسہ دلایا ہے ۔ شرمیلا اسمبلی حلقہ پالیر ضلع کھمم سے مقابلہ کرنے کی خواہش مند ہیں تاہم اس حلقہ سے کانگریس پارٹی بی آر ایس کے طاقتور قائد سابق وزیر ٹی ناگیشور راؤ کو کانگریس میں شامل کرتے ہوئے امیدوار بنانے کی تیاری کررہی ہے ۔ اس لیے انہیں اسمبلی حلقہ سکندرآباد سے مقابلہ کرنے کا پیشکش کیا ہے ۔ بصورت دیگر کرناٹک سے راجیہ سبھا کارکن بنانے کا بھی آفر دیا ہے ۔ شرمیلا نے اپنے حامیوں کے لیے کانگریس کے چند ٹکٹس طلب کیے ہیں انہیں تیقن دیا گیا ہے کہ کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد ان کے حامیوں کو کونسل کے علاوہ دوسرے عہدے دینے پر غور کیا جائے گا ۔ ساتھ ہی انہیں آندھرا پردیش میں کانگریس کا اسٹار کیمپنیر بنانے کا بھی اشارہ دیا گیا ہے ۔۔ ن