حیدرآباد۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے باغی رکن پارلیمنٹ کے رگھو رام کرشنم راجو کو ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود پولیس نے گنٹور ضلع جیل منتقل کردیا ہے۔ کرشنم راجو کو علاج کیلئے سرکاری دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ ضلع جیل کے باہر پولیس کا بھاری بندوبست کیا گیا ہے۔ عدالت کے حکم پر انہیں ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تھا لیکن پولیس نے آج عدالتی احکامات کی پرواہ کئے بغیر انہیں جبراً جیل منتقل کردیا۔ اسی دوران ہائی کورٹ کی ہدایت پر کرشنم راجو کی صحت کے بارے میں میڈیکل رپورٹ تیار کرلی گئی جس سے ضلع مجسٹریٹ کو مہربند لفافہ میں پیش کیا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ آندھرا پردیش ہائی کورٹ ڈیویژن بنچ کو یہ رپورٹ حوالے کریں گے۔ سی آئی ڈی کی تحویل میں رکن پارلیمنٹ پر ایذا رسانی کے الزامات اور ان کے پیروں پر زخمیوں کے نشان دیکھتے ہوئے ہائی کورٹ نے میڈیکل رپورٹ طلب کی ہے ۔ اسی دوران نرسا پور کے رکن پارلیمنٹ نے ضمانت کیلئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ ہائی کورٹ میں ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کی جاچکی ہے۔