وائی ایس آر کانگریس ارکان پارلیمنٹ کا وزیراعظم اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیہ

   

Ferty9 Clinic

رکن اسمبلی انکاپلی نے تین ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ دی
حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں انکاپلی کے رکن اسمبلی جی امرناتھ نے کورونا وائرس کے سلسلہ میں حکومت کے امدادی کاموں میں تعاون کے لیے تین ماہ کی تنخواہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اسی دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے ایک ماہ کی تنخواہ وزیراعظم ریلیف فنڈ اور ایک ماہ کی تنخواہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کے اقدامات میں تعاون کے لیے اعلان کیا گیا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائد اور رکن راجیہ سبھا وجئے سائی ریڈی اور لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ٹی وی متھن ریڈی نے اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی زندگی کے تحفظ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ دنیا بھر میں وائرس سے نمٹنے کے لیے لاک ڈائون کا اعلان کیا گیا۔ ہندوستان میں بھی سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ مکانات تک محدود رہیں اور چوکسی برقرار رکھیں۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ روزانہ کمائی کرنے والے غریب افراد کے لیے حکومت کی جانب سے امداد کی فراہمی ضروری ہے۔ مرکز اور ریاست کی جانب سے امداد کی فراہمی کے لیے ارکان پارلیمنٹ نے اپنی تنخواہوں کا عطیہ دیا ہے۔ اسی دوران آندھراپردیش اگریکلچرل مشن کے نائب صدرنشین ناگی ریڈی نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں ایک لاکھ ایک ہزار گیارہ روپئے کا عطیہ دیا ہے۔